اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد آرٹ گیلری ایف نائن کا دورہ کیا۔ انہوں نے آرٹ گیلری میں امجد شاہ آفریدی کے فن پاروں اور تصاویر کی نمائش دیکھی۔
ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کو چیف کیوریٹر اسلام آباد آرٹ گیلری جمال شاہ نے امجد شاہ آفریدی کی فوٹو گرافی اور فن پاروں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔
صدر مملکت نے اسلام آباد آرٹ گیلری میں موجود فن پاروں کو سراہا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ایسی مزید آرٹ گیلریوں کی ضرورت ہے، امجد شاہ آفریدی حکومت کے ایک ایماندار بیوروکریٹ تھے۔
انہوں نے کہا کہ امجد شاہ آفریدی کے فن پارے زندہ فن کا نمونہ ہیں، ان کے فن پاروں کی نمائش دوسرے مقامات پر بھی ہونی چاہئے۔