کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے 32 اضلاع میں کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ انتخابات میں حکومت کسی قسم کی مداخلت کر رہی ہے۔
کوئٹہ کے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سیکرٹری بلدیات دوستین جمالدینی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ کوئٹہ اور لسبیلہ میں حلقہ بندیوں کا مسئلہ ہے جسے حل کر رہے ہیں۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2013 کے بعد صوںے میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہورہے ہیں، ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے آزادانہ گھروں سے پولنگ اسٹیشنوں تک آئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ تمام اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لیں گئیں ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ضابطہ اخلاق طے پایا گیا ہے،اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام اضلاع کے قبائلی معتبرین سےملاقاتیں بھی کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا عمل ترتیب دے دیا گیا ہے۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد کرائیں گے اور امیدواروں کو بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ اور سی سی پی او آفس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کیلئے تمام تر ادارے تیار ہیں، مزید برآں قبائلی تنازعات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہےاور ہمیں یقین ہے کہ بلدیاتی انتخابات کامیابی سے منعقد ہوگے