اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہاہے کہ شہباز گِل پر ہونے والا تشدد بتایااور دکھایا نہیں جا سکتا ، میڈیا کے لوگ بھی چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ تشدد ہوا ہے،عمران خان کے خلاف بیان دینے کے لیے شہباز گِل پر دباﺅڈالا جا رہا ہے۔ میڈیا سے بات گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ آئی جی نے تفتیش کرنے کے لیے ایک اشتہار جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ جس کسی کو شہباز گِل پرتشدد کا پتہ ہے وہ آکر بتائے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں سے انڈی پینڈنٹ ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ بنایا جائے، انڈی پینڈنٹ ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ کا خرچہ ہم برداشت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ جیل کے میڈیکل افسر نے کہا کہ شہباز گِل کو بچپن سے دمہ ہے، سرکاری اسپتال اور سرکاری ڈاکٹرز پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، شہباز شریف کے بارے میں بھی کمر درد کی رپورٹ دی گئی تھی، نواز شریف کو پلیٹ لیٹس کا مسئلہ بتایا گیا اب وہ مزے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصل حکومت لندن سے ہو رہی ہے، عمران خان کے خلاف بیان دینے کے لیے شہباز گِل پر دباﺅڈالا جا رہا ہے۔