اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) حکومت نے جمیل احمد کو نیا گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کردیا۔نئے گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔جمیل احمد اس سے قبل ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کے فرائض انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ سعودی سینٹرل بینک میں بھی اہم عہدے پر رہ چکے ہیں۔جمیل احمد 1991 سے اسٹیٹ بینک سے وابستہ ہیں اور وہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کےعہدے پر بھی رہ چکے ہیں۔اور اب بطور گورنر سٹیٹ بینک اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 48 ایک، اور سٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ کے سیکشن 11، اے، ایک کے تحت جمیل احمد کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ یاد رہے کہ سابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کی مدمت ملازمت مئی 2022ءمیں ختم ہو گئی تھی جس کے بعد مرتضیٰ سید نے قائم مقام گورنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔