لاہور۔(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، پاک چائنہ مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو جلد فعال کرنے لئے ہرممکن سہولت بہم پہنچائی جائے،ان کمپنیوں کے ملازمین کیلئے سکیورٹی مزید موثر بنائی جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت ہفتہ کو چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،وفاقی وزیر پاور ڈویژن خرم دستگیر، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری برائے داخلہ، خزانہ، خارجہ، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ ، پٹرولیم، پاور، آئی ٹی ، ریلوے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان چین کے کثیرالجہتی تعلقات اور سرمایہ کاری میں موجود مزید ممکنہ مواقع پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایت کی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، پاک ۔
چائنہ مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو جلد فعال کرنے لئے ہرممکن سہولت بہم پہنچائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان میں کام کرنے والی تمام چینی کمپنیوں کے ملازمین کی سکیورٹی مزید موثر بنائی جائے۔