لاہور( نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں30 سے 35 فیصد کم ہوئیں لیکن پاکستان میں مسلط حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں ،تیل کی قیمتیں اور ریفائنری مارجن عروج پر تھے تو ملک میں زیادہ تیل درآمد کیا گیا ،مہنگے ترین ڈالر ریٹ پر ایل سیز کھلیں،نااہل، نکمی حکومت کے ناک کے نیچے قومی بنک نے ایل سیز کھولیں ،حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جہاں تیل سستا نہیں ہو رہا،یہ حکومت، ریاست مزید نااہلی برداشت نہیں کر سکتی ،ہم اپنی پرامن جدوجہد کو ملک بھر میں پھیلانے اور تیز کرنے جا رہے ہیں ،عمران خان کا جمہوریت پر یقین ہے اس لیے ہم بار بار درخواست کر رہے ہیں کہ نئے انتخابات کی جانب جائیں ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہم اپنے دور میں روس سے سستا تیل خریدنے کے قریب تھے جس کی تصدیق روسی سفیر نے بھی کی ہے لیکن یہ کہہ رہے ہیں کہ روس خود سستا تیل لے کر ہمارے پاس آئے ،ہم اپریل میں روس سے سستا تیل خرید لاتے ،ڈالر کا240 پر جانا اور پھر 212 پر آنا معاشی استحکام کی علامت نہیں ہے کیونکہ ڈالر 180 سے 240 پر پہنچایا گیا ،اگست کے بل میں 10 روپے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت صارفین کو ادا کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے قطر سے ایل این جی کا سستا سودا نہ کیا ہوتا تو ملک میں ایک اور بحران آ چکا ہوتا ،ایل این جی نہ خریدنے کی وجہ سے 3 ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال ہے ۔انہوں نے جو خود کو تجربہ کار کہہ رہے ہیں انہوںنے مہنگے امپورٹڈ ایندھن والے پلانٹس لگائے اور اب انہیں بھی بند کر رہے ہیں جس پر کپیسٹی پیمنٹ بھی کرنا پڑے گی ،یہ صنعت کو 23 ڈالر پر ایل این جی دے رہے ہیں یہ خود ملک کو ڈیفالٹ کے قریب لائے اورمعیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ۔