اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک میں پولیو ورکرز کی ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت، شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ورکرز پر حملہ کرنے والے قوم کے بچوں کو معذور بنانا چاہتے ہیں ،قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم کچی آبادی میں سپاہی پیر رحمن اور سپاہی نثار خان کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پولیس نے عظیم قربانیاں دی ہیں، شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں،پولیو ورکرز پر حملہ کرنے والے قوم کے بچوں کو معذور بنانا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ قوم کے بچوں کی صحت کے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔وزیراعظم نے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔