کراچی ( کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیو مہم کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔منگل کو پولیو ڈراپس مہم کے موقع پر آئی جی سندھ کی جانب سے پولیس کو رہنما ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس میں آئی جی سندھ پولیس نے کہا کہ پولیو ڈراپس مہم کی سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو تھانہ جات کی سطح پر مضبوط روابط کے تحت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ حساس یونین کونسلز میں انر اورآٹر کارڈن کی بنیاد پر پولیو ٹیمز کو سیکیورٹی فراہم کی جائے، ایسی تمام یوسیز میں پولیس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں دی جائیں۔غلام نبی میمن نے کہا کہ حساس یوسیز میں متعلقہ پولیس اور کمانڈوز کے ساتھ ساتھ سادہ لباس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے، رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور پیٹرولنگ کے دوران مستعد اور چوکنا رہتے ہوئے کڑی نگرانی، مشتبہ ومشکوک سرگرمیوں پرنگاہ رکھی جائے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیو ڈراپس مہم کے علاقوں میں ٹھوس سیکیورٹی کے ضمن میں رابطوں اور معلومات کی شیئرنگ کو ہرسطح پر یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی ایس ایس پیز سیکیورٹی اقدامات کی مانیٹرنگ اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجود رہنے کا پابند بنائیں۔