ناروول(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید ہے کہ نواز شریف عام انتخابات سے پہلے پاکستان آئیں گے اور(ن) لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے ،عمران خان کے پاس امیدوار نہیں ہیں اس لئے وہ نوحلقوں سے خود الیکشن لڑ رہے ہیں ۔نارووال میں ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے دو دو تین تین سالوں میں یونیورسٹیاں،کالجز،موٹرویز،بجلی کے منصوبے لگا کر ثابت کیا کہ کام کس طرح کئے جا سکتے ہیں ،عمران خان اپنے چار سالہ دورہ اقتدار میں کراچی سے لے کر پشاور تک کوئی ایک منصوبہ بتائیں جو انہوں نے شروع کرکے مکمل کیا ہو صرف اس کا ایک منصوبہ ہے جو اس کااوپر سے لے کر نیچے تک ہے صرف گالی گلوچ کا منصوبہ ہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہاکی اسٹیڈیم جلسے میںمیں بھی اس نے اپنا کوئی معاشی پلان نہیں دیا، پوری قوم کو کہہ رہا تھاکہ امریکہ کی غلامی سے نکلیں اب خود امریکہ کے جوتے پالش کر رہا ہے ،امریکہ میں اپنے ایلچی بھیج رہا ہے امریکی سفیر کی منتیں کر رہا ہے اور امریکہ میںلابنگ فرم کی خدمات حاصل کی ہیں کہ امریکی صدر بائیڈن سے صلح کروا دو،کل رات کی تقریر میں امریکہ کے اوپر بھی یوٹرن لینا شروع کر دیا اس بندے کا صبح کا بیان اور ہوتا ہے شام کا بیان اور ہوتا ہے ،عمران نیازی کے پاس کوئی منصوبہ کوئی پلان نہیں ،منہ پر ہاتھ پھیر کر کہتا ہے کہ میں چھوڑوں گا نہیں،لیکن یاد رکھو اب قوم تمہیں نہیں چھوڑے گی کیونکہ تم نے فارن فنڈنگ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پیسہ کھایا ہے ،تمہیں اس کا خوف کھا رہا ہے ،عمران خان نے ہٹلر کی طرح قوم کو جتھوںکی سیاست پر لگایا ہوا ہے ،عمران خان ہٹلر کے حربے استعمال کر کے پاکستانی قوم کو ورغلانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ تب کا جرمنی تھا یہ آج کا پاکستان ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ میں عمران خان کو کہنا چاہتا ہوں کہ تم نہ ہٹلر بن سکتے ہو اور نہ پاکستانی قوم کو گمراہ کر سکتے ہوکیونکہ پاکستانی قوم نے تمہاری چار سالہ حکمرانی کا دور بھگتا ہے ،پاکستان جب بھی ترقی کی طرف چلتا ہے عمران خان دھرنے کی سیاست شروع کر دیتا ہے ۔