واشنگٹن ( نیٹ نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ 1940 کی دہائی میں پاکستان محض ایک خواب تھا،ہمارے آباو اجداد نے اپنے آہنی عزم اور قربانیوں کی بدولت اس معجزے کی راہ ہموار کی۔ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہمارے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے پاکستان میں بھی اور امریکہ میں بھی۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے اپنی آزادی کے 75 سال پورے کر لیے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ 1940 کی دہائی میں پاکستان محض ایک خواب تھا۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا لیکن ہمارے آباو اجداد نے اپنے آہنی عزم اور قربانیوں کی بدولت اس معجزے کی راہ ہموار کی۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کا وجود میں آنا مشیت الٰہی تھا، ہم اس امانت اور اس نظریے کہ جس کانام پاکستان ہے کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشن بلڈنگ (قومی تعمیر) ہمارے لئے آسان کام نہیں تھا،ہم نے کئی طوفانوں کا سامنا کیا اور ابھی بھی کئی چیلنجز درپیش ہیں تاہم انفرادی، اجتماعی اور بطور ایک قوم ہم پراعتماد ہیں کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ اللہ تعالی ہمارے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج ہم پاک امریکہ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔ امریکہ ہمارا دوست اور حلیف رہا ہے۔ انہوںنے ہاکہ گذشتہ سات دہائیوں میں ہم نے مل کر کامیابیاں حاصل کیں۔ اور آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم امن، سیکیورٹی اور استحکام کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے،سب سے بڑھ کر، ہم عوامی روابط کو مزید مضبوط بنائیں گے جس سے ہر سطح پر ہمارے تعلقات فروغ پائیں گے۔