کراچی (اسٹاف رپورٹر) 14 اگست کو انبالوی آرائیں انٹرنیشنل کا فیملی فیسٹیول پروگرام زیر صدارت محمد سلیم آرائیں (صدر کراچی ڈویژن انبالوی آرائیں انٹرنیشنل ) منعقد ہوا جس میں انبالوی آرائیں انٹرنیشنل کے صدر میاں عبد الحئی خالد نے لاہور سے خصوصی طور پر شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد میں نعت رسول مقبول ﷺ بھی پیش کی گئی اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد تھا کہ انبالوی آرائیں آپس میں ملیں اور اپنے بچوں اور بچیوں کے حوالہ سے رشتوں میں درپیش آنے والی دشواریوں کو دور کریں، انبالوی آرائیں کی فیملیز گھل مل گئے،تقریب سے مرکزی صدر میاں عبد الحئی، صدر کراچی ڈویژن محمد سلیم آرائیں، نائب صدر کراچی ڈویژن محمد عارف، فراز سلیم، ریاض احمد، فیصل چوہدری، غلام رسول، محمداشرف، ریاض احمد، ساجدہ آرائیں، قیصر احمد، فرح شہزاد اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں عبد الحئی نے تمام برادری کا شکریہ ادا کیا اور نومنتخب عہدیداران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے انبالہ آرائیں انٹرنیشنل کی برادری کے غریب افراد کو فراہم کی جانے والی مدد اور خدمت کے بارے میں بتایا، انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم غریب اور حق دار طلباءکی مدد کیلئے ہر وقت تیار ہے، کراچی ڈویژن کے صدر محمد سلیم آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میری کوشش تھی کہ اپنی برادری کو ایک جگہ پر جمع کروں اور آج اللہ کے کرم سے گزشتہ 5 سال سے کی جانے والی کوششیں بار آور ثابت ہوئی ہیں اور آج میرا خواب حقیقت کا روپ دھار گیا ہے اور آج میری برادری یہاں اکٹھی ہے اس پر میں اپنے رب کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے انہوں نے حلف اٹھانے والے تمام عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے برادری کیلئے کام کریں اورحلف کی پاسداری کریں کیونکہ ہمیں اپنی برادری کیلئے ابھی بہت کام کرنے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فراز سلیم نے گزشتہ پانچ سال سے کی جانے والی اپنی کوششوں اور کامیابیوں کا احاطہ کیا، جبکہ دیگر مقررین نے 14 اگست 1947ءکے حوالہ سے اپنے آباﺅ اجداد کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے آغاز میں نومنتخب عہدیداروں سے انبالوی آرائیں انٹرنیشنل کے مرکزی صدر میاں عبد الحئی نے حلف لیا۔ تقریب کے اختتام پر تقریب میں شریک لوگوں نے پروگرام کو ایک اچھی کاوش قرار دیا اور اس طرح کے پروگرام زیادہ سے زیادہ منعقد کرنے پر زور دیا۔ تقریب میں بچوں نے 14 اگست کے حوالہ سے خصوصی ٹیبلو پیش کئے۔