کراچی( نمائندہ خصوصی)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی فاتحہ خوانی کی اورسلامی پیش کی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشن،ایڈیشنل آئی جی کراچی،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سمیت ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرزسندھ،ڈی آئی جی سیکیورٹی،زونل ڈی آئی جیز کراچی و دیگرسینئر افسران بھی موجود تھے۔آئی جی سندھ نے اپنی اور سندھ پولیس کی جانب سے شہریوں کو یوم آزادی کی مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں ہمارے عظیم لیڈرزکے جوش ولولہ اور بہادری کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح انہوں نےاپنے خوابوں کو حقیقت کا رنگ دیکر ایک آزاد اور خودمختار وطن کے قیام کویقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کا 75 واں یوم آزادی منا رہے ہیں اور اس موقع پر محکمہ پولیس سندھ کے تمام سینئر افسران بھی موجود ہیں۔سندھ پولیس نے ہمیشہ پاکستان کی حفاظت اور عوام کے جان ومال کی سلامتی کے لیئے قربانیاں دی ہیں
شہادت کو اپنے لیئے ایک عظیم رتبہ گردانتے ہوئے خود کو جرائم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت کیا ہے۔میڈیا ٹاک کے دوران انہوں نے کہاکہ شہر میں سکیورٹی کے مسائل کے حل کے لیے حکومت سندھ کی مدد سے سیف سٹی پراجیکٹ آئندہ سال دو مراحل میں مکمل ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ پبلک اور پولیس کا باہمی تعاون،ساتھ کھڑے ہونا،ملکر آگے بڑھنا پرامن معاشرے کے قیام کی نا صرف ضمانت ہے بلکہ تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے اشد ضروری بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی شرح میں مذید کمی کے لیئے پولیس ہمہ وقت مصروف عمل اور مستعد ہے۔گذشتہ 20 سالوں کے مقابلے میں اسوقت سندھ بھر میں سکیورٹی صورتحال بہت زیادہ بہتر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے جبکہ رواں سال ہی دفاعی نمائش آئیڈیاز2022 کا بھی انعقاد ہونے جارہا ہے جسکے لیئے سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیئے جائینگے۔غلام نبی میمن نے کہاکہ آج کا عظیم دن ہمیں 75 سال قبل کی گئی ہمارے لیڈرز کی محنت اورجدوجہد کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح چودہ اگست کو مسلمانان ہند کو آزادملک کی حیثیت سے آزادی نصیب ہوئی۔اللہ پاک کا شکر ہے کہ آج ہم ایک آزاد اورخود مختار قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیئے۔آج پاکستان کا شمار دنیا چند بڑے ممالک میں کیا جاتا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ آج کے دن کو اچھے طریقےسے منائیں اوراسے یادگار بنائیں۔