مظفر گڑھ( نمائندہ خصوصی )زہریلی شراب پینے سے ایک خاتون اور 3 سگے بھائیوں سمیت مزید 7 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں زہریلی شراب پی کر مرنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی،مرکزی ملزم سمیت 2 ملزم گرفتار کر کئے گئے ہیں ۔پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او احمد نواز کی ہدایت پر ڈی ایس پی علی پور منور بزدار نے کامیاب کارروائی کر کے مرکزی ملزم سلطان کو گرفتار کر لیا
اس کے کارندہ سانول پہلے سے گرفتار ہے،ڈی ایس پی منوربزدار نے ٹیم کے ہمراہ مرکزی ملزم بد نام زمانہ منشیات فروش سلطان کو گرفتار کرلیا ،ٹیم میں سابقہ ایس ایچ او تھانہ صدر علی پور سجاد حیدر اور سابقہ ایس ایچ او تھانہ سٹی علی پور جہانزیب بھی شامل تھے،ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا ہے،پولیس ترجمان کے مطابق ملزم عادی مجرم ہے اور پہلے بھی 20 مقدمات میں گرفتار ہوکر چالان ہو چکا ہے ۔یاد رہے کہ 11 اگست کی شب علی پور میں مقد مہ کے مرکزی ملزم سلطان اور اس کے کارندے سانول نے زہریلی شراب سپلائی کی تھی جسے پی کر مرنے والوں کی تعداد اب تک 17 تک پہنچ چکی ہے، ،کچھ افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں، واقعہ کے 2 الگ الگ مقدمات تھانہ سٹی علی پور اور تھانہ صدر علی پور میں درج کئے جا چکے ہیں،
ڈی پی او مظفرگڑھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت اور کوتاہی برتنے پر تھانہ سٹی علی پور اور تھانہ صدر علی پور کے ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا اور ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو فورنزک رپورٹ کی روشنی میں معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی،ڈی پی او کے حکم پر پولیس نے شراب فروشوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔