اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شہبازشریف نے بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجر طلحہ منان شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی جس میں میجر طلحہ شہید کےلئے فاتحہ خوانی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔اتوار کووزیرِ اعظم شہباز شریف بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجر طلحہ منان شہید کے گھر پہنچے ۔وزیرِ اعظم نے میجر طلحہ شہید کے لئے فاتحہ ادا کی اور انکے اہلِ خانہ سے ملاقات بھی کی۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے میجر طلحہ منان شہید کےلئے فاتحہ کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ شہداءہماری قوم کا فخر ہیں، یہ راہ حق کے شہید ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ پوری قوم شہید طلحہ منان جیسے جوانوں کو جنم دینے والی ماﺅں اور عزم و استقامت کے پیکر والدین پر فخر کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج کا ہر افسر اور جوان مادر وطن کی خدمت سے ہمیشہ سرشار رہا ہے، شہید طلحہ منان کی ملک و قوم کے لئے قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے شہید طلحہ منان کی والدہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید طلحہ منان کو ان کی عظیم قربانی پر عقیدت پیش کیا۔