کراچی( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سنیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان اگر مرد ہیں تو پارٹی سربراہی چھوڑ کر فارن فنڈنگ کی تحقیقات کا سامناکریں، عمران خان بھلے سندھ آئیں انہیں سندھ سے کچھ نہیں ملے گا،اپنے دور حکومت میں سندھ کو این ایف سی،ترقیاتی فنڈرز، بجلی اورگیس سمیت دیگر حقوق سے محروم رکھنے والے عمران خان سندھ میں کس منہ سے آئیںگے،سندھ کی باشعور عوام کسی فتنے اور جھانسے میں آنے والی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امداد عظیم این جی او کی جانب سے جشن آزادی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کے سندھ نے پاکستان بنایا اور سندھ ہی پاکستان بچانے کے لئے کردار ادا کر رہا ہے،عمران خان کے لاہور جلسے میں پاکستان کے جھنڈے اتار کر پی ٹی آئی کے جھنڈے لگانے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کا یہ عمل ثابت کر رہا ہے کہ انہیں پاکستان سے کوئی محبت نہیں۔خواجہ ناظم الدین،حسین شہید سہروردی،ایوب کھوڑو،پیر الٰہی بخش سمیت دیگر بانیان پاکستان نااہل ہوسکتے ہیں تو پھر عمران خان کیا چیز ہیں وہ نااہل کیوں نہیں ہو سکتا۔فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان صادق امین نہیں رہے اس لئے انہیں نہ صرف نااہل ہونا چاہئے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی رجسٹریشن بھی منسوخ ہونی چاہئے اور عمران خان اگر مرد ہیں تو پارٹی سربراہی چھوڑ کر فارن فنڈنگ کی تحقیقات کا سامناکریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فتنے فساد اور سازش والے بیانیئے کا ڈراپ سین ہوچکا ہے اور وہ اب عالمی یوٹرن لیڈر ثابت ہوچکے ہیں ۔ امریکی سازش کی باتیں کرنے والے عمران خان اب امریکا سے دوستی کے بیان دے کر امریکا سے بیک ڈور رابطے کی کوششیں کر رہے ہیں۔