ٹنڈوجام(نمائندہ خصوصی ) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں وطن عزیز کی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ، انتظامی و تدریسی شعبوں کے سربراہان، طلباء اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ زرعی یونیورسٹی کے وائیس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کے ہمراہ مختلف کلیات کے ڈینز، انتظامی اور تدریسی شعبہ جات کے سربراہان نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانے میں نہایت احترام کے ساتھ شریک ہوئے۔
بعدازان آزادی مارچ انتظامی بلاک سے نکالی گئی، ریلی یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے گزرنے کے بعد ڈاکٹر اے ایم شیخ آڈیٹوریم ہال پہنچی، جہاں پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگان کی قربانیوں اور جدوجھد کے بدولت آزاد ہوا۔
ملک کی آزادی میں ماہرین تعلیم اور طلباء کا بھی اہم کردار ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کی ترقی اور خاص طور پر زرعی شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں مزید معاشی ترقی ہو اور زرعی ترقی کے ذریعے ہم خوراک کی کمی اور غربت کا خاتمہ کر سکیں۔جبکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم صاف پانی کے ذخائر کو محفوظ کرنے، فصلوں کی نئی اجناس کی تیاری اور نایاب نسل کے جانوروں کو بچا سکتے ہیں، سوشل سائنسز فیکلٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر نے پاکستان کی آزادی میں سندھ کے کردار پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر بخاری ماڈل ھائی اسکول فارم کالونی کے طلباء نے تحریک آزادی کے بارے میں تقاریر، ٹیبلز اور قومی نغمے پیش کیے، جبکہ پاکستان کی ترقی، تعمیر اور بقا کے لیے دعا کی گئی۔
اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کے ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو، ڈاکٹر غیاث الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈاکٹر منظور ابڑو، رجسٹرار غلام محی الدین قریشی، ڈاکٹر عبداللہ آریجو، ڈائریکٹر فنانس انیل کمار، انجینئر ریاست علی کبر، ڈاکٹر اعجاز سومرو ، ڈاکٹر جاوید شیخ، ممتاز علی جکھرو، ڈاکٹر مبین لودھی، ڈاکٹر تہمینہ ناگراج، ڈاکٹر محمود مغل، ڈاکٹر خادم حسین وگن، ڈاکٹر جام غلام مرتضیٰ سھتو، میڈم زہرہ، میڈم صبیحہ بشیر بھٹو اور تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دوسری جانب سندھ زرعی یونیورسٹی سے الحاق شدہ سب کیمپس عمرکوٹ میں بھی جشن آزادی تقریب کا انعقاد کیا گیا،
کیمپس کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر جان محمد مری نے قومی پرچم لہرایا، خیرپور کالج آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ تقریب میں پرنسپل ڈاکٹر محمد ابراھیم کیریو نے استاذہ، افسران اور ملازمین کے ساتھ انتظامی بلاک کے سامنے قومی پرچم لہرایا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو زرعی کالج ڈوکری میں بھی ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل ڈاکٹر اللہ ودھایو گانداھی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ کالج کے تدریسی اور انتظامی عملے نے قومی پرچم لہرایا۔