کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے پیغام میں کہا ہے کہ میں پوری پاکستانی قوم کو 75 ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔جشن آزادی کے 75 ویں سال میں پاکستان کو آگے لے جانے کا ہمیں عہد کرنا ہے، پاکستان میں ایک آئینی و جمہوری حکومت کا تسلسل آگے بڑھانے کی بات کرنا ہے، پاکستان میں پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرنی ہے، پاکستان میں آئین کی بالادستی کی بات کرنی ہے، پاکستان میں عدلیہ کی آزادی کی بات کرنی ہے، پاکستان میں لوگوں کے بنیادی حقوق کی دستیابی کی بات کرنی ہے اور پاکستانی کو وہ وسائل میست کرنے ہیں اور حقوق انہیں دینے ہیں جن کا آئین پاکستان ان سے وعدہ کرتا ہے۔ہم رہیں یا نہ رہیں پاکستان کو قائم و دائم رہنا ہے۔ اپنے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے حوالے سے جاری ویڈیو پیغام میں سعید غنی نے کہا کہ اس سال جب ہم اپنا یوم آزادی منا رہے ہیں ہمارے ملک کے بہت سے شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے، خیبرپختونخواہ میں بہت نقصان ہوا ہے، پنجاب کے کچھ علاقوں میں نقصانات کے ساتھ ساتھ سندھ کے کئی اضلاع میں بارشوں کے باعث نقصانات ہوئے ہیں اور اس کے باعث عوام مشکلات سے دوچار ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو تکلیف کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک کا اہم موڑ ہے کہ ہمارے ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہوگئے ہیں، جہاں ہمیں اپنے ملک سے محبت کا، وفاداری کا اور تجدید عہد تو ضرور کرنا چاہیے،
لیکن ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ہماری وہ کون سی خرابیاں، خامیاں اور نالائقی ہیں، جس کی وجہ سے ہمارا ملک اپنی منزل اور مقصد پر نہیں پہنچ سکا، جس کا خواب محمد علی جناح اور پاکستان بنانے والی ہماری لیڈرشپ نے دیکھا تھا۔ سعید غنی نے کہا کہ آج ہم جب بات کررہے تو یہ سوچتے ہیں کہ پاکستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ آج جو ہمیں مشکلات درپیش ہیں وہ ہماری پاکستانیوں کی چاہے وہ میری نسل ہو یا مجھ سے پہلے کی نسل ہویا بہت سارے ایسے لوگ ہیں، جن کا تذکرہ کہی نہیں آتا ان کی غلطیاں اور کوتاہیاں ہوسکتی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان ان حالات کا شکار ہے، سعید غنی نے کہا کہ ان تمام کے باوجود میں یہ بات سمجھتا ہوں کہ پاکستان الحمد اللہ دنیا کے کئی ممالک سے بہتر حالات میں ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک کو بہت سارے ایسے ذرائع میسر کئے ہوئے ہیں، جن کو اگر ہم صحیح طریقے سے استعمال کریں تو پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنا سکتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ جشن آزادی کے 75 ویں سال میں پاکستان کو آگے لے جانے کا ہمیں عہد کرنا ہے، پاکستان میں ایک آئینی و جمہوری حکومت کا تسلسل آگے بڑھانے کی بات کرنا ہے، پاکستان میں پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرنی ہے، پاکستان میں آئین کی بالادستی کی بات کرنی ہے، پاکستان میں عدلیہ کی آزادی کی بات کرنی ہے، پاکستان میں لوگوں کے بنیادی حقوق کی دستیابی کی بات کرنی ہے اور پاکستانی کو وہ وسائل میست کرنے ہیں اور حقوق انہیں دینے ہیں،جن کا آئین پاکستان ان سے وعدہ کرتا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آنے والے برس میں یا آپ زندہ رہیں یا نہ رہیں پاکستان کو قائم ودائم رہنا ہے۔