کراچی ( نمائندہ خصوصی )سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان کے لیئے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح نے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیکر مضبوط اور مستحکم ملک بنایا تھا، جو آج بھی وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد اور بندھن کا مقدس دستاویز ہے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آمروں نے طاقت کے بل بوطے پر آئین کو مسخ کیا مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے کہا بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتی ہے ۔ سابق صدر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے خون سے وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا میثاق لکھا تھا ۔انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔آصف علی زرداری نے کہا اب وہ وقت آ چکا ہے کہ میثاق جمہوریت پر مکمل عمل کرکے ملک اور قوم کیلئے پائیدار فیصلے کئے جائیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کی تمام جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں پارلیمان کو بااختیار بنانے کیلئے متحد ہوں ۔