کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس گروپ کے بانی و چیئرمین فراز الرحمان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی ختم کرنے کی منظوری کے باوجود نوٹیفکیشن جاری نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایف بی آر جلد نوٹیفکیشن جاری کرے ورنہ تاخیر کی صورت میں امپورٹرز کی جانب سے ایڈوانس کی رقم ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے اور موجودہ سنگین حالات میں بزنس کمیونٹی کو پریشان کرنا گھاٹے کا سودا ہوگا۔ فرازالرحمان نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ امپورٹڈ مال کا گودام بن گیا ہے، سامان کی ترسیل رک جانے سے امپورٹرز پریشان ہیں اور ان کا یومیہ لاکھوں کا نقصان ہو رہا ہے۔امپورٹرز سامان کے اجرا کیلئے ڈبل جرمانہ ادا کرنے پر مجبور ہیں، جرمانے اور تاخیر صنعتی اشیا کی لاگت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی اجازت کی پابندی کی وجہ سے آٹوپارٹس کا مال پھنس گیا ہے جو آٹوپارٹس مینوفیکچررز انڈسٹری کے لئے تابوت میں آخری کیل کی مانند ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو جنگی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ فرازالرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن بزنس کمیونٹی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔