واشنگٹن( نمائندہ خصوصی )
اقلیتیں پاکستانی سماج کا لازمی جزو اور قوم کا فخر ہیں؛ مسعود خان
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تکثیریت اور جمہوریت کے نظریات پر کاربند ہے اور تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور اقلیتوں کی قومی زندگی میں شمولیت کے فروغ کو یقینی بناتا رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستانی سفارت خانے میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کیا،تقریب میں مسیحی ، ہندو، سکھ اور دیگر کمیونٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندے نے بھی خطاب کیا،سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان مذہبی ورثے کے تحفظ کے لئےجامع اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرتار پور راہداری کے افتتاح کو پوری دنیا میں سکھ برادری نے سراہا ہے۔ کٹاس راج مندر اور دیگر عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش بھی کی جارہی ہے
پاکستانی حکومت نے اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں تاکہ انتظامیہ، مقننہ، عدلیہ، مختلف اداروں اور نجی شعبے میں ان کی نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ کرتار پور راہداری کے افتتاح کو پوری دنیا میں سکھ برادری نے سراہا ہے جبکہ دیگر عبادت گاہوں سمیت کٹاس راج مندر کی تزئین و آرائش بھی کی جارہی ہے
قائد اعظم محمد علی جناح کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں سب برابر کے شہری ہیں
تقریب میں شریک تمام مذاہب اور فرقوں سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے آپ کی محبت لازوال ہے اور پاکستان سے آپ کا مضبوط رشتہ ہے، پاکستانی پرچم تلے ہم سب ایک ہیں اور ہم مل کر آگے بڑھیں گے،مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی قوم مختلف مذاہب اور تہذیبوں کی قوس قزح ہے۔ ہم ایسی روایات کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں جہاں ہر رنگ کی اپنی اہمیت و تشخص ہو لیکن تمام رنگوں کے امتزاج سے ایک مکمل اکائی تشکیل پائے۔
سفیر پاکستان نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان مذہبی آزادی اور رواداری کی مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا۔ امریکہ کے ڈیکلریشن آف انڈی پینڈنس ( اعلان آزادی )اور پاکستان کے آئین میں مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اصول شامل ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم ان اصولوں کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گےسفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ مذہبی رواداری کا فروغ اور عدم برداشت کے خلاف جنگ ایک کٹھن سفر ہے جس کے لئے مسلسل چوکنا رہنا پڑتا ہے۔پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے فروغ اور دنیا بھر میں مذہبی بنیادوں پر لوگوں کو نشانہ بنانے کی روش کی مخالفت جاری رکھے گا,سفیر پاکستان نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پاکستانی امریکیوں کی غیرمتزلزل حب الوطنی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی ان کی کوششوں کو سراہا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ آپ نے اس سرزمین پر پاکستان کا پرچم ہمیشہ سربلند رکھا ہے
آل نیبرز انٹرنیشنل کے بانی الیاس مسیح نے تقریب کے انتظامات کے حوالے سے قابل قدر خدمات سرانجام دیں اور انہوں نے نیو یارک ، نیو جرسی اور فلاڈیلفیا سمیت امریکہ کے مختلف علاقوں سے مہمانوں کو مدعو کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جہاں مسیح براداری سمیت اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
اقلیتوں کے نمائندگان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے پاکستانی سفارت خانے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان سے محبت ہے اور پاکستان میں اقلیتوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کی قطعا کوئی روش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی ثقافت اور پاکستان سے منسلک ہونے پر فخر کرتے ہیں سریندر سنگھ گل ، ڈائریکٹر سکھ آف امریکہ، نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی ایک عظیم قوم ہے اور وہ پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں
ڈاکٹر آلوک سریواستو ، امریکن ہندو کولیشن، نے کہا کہ پاکستان میں مندروں کی حفاظت پاکستانی کر رہے ہیں
رضوان جاکا، چئیرمین آدم بورڈ نے کہا کہ اسلام رواداری کا درس دیتا ہے۔ ہمارے قبائل اس لئے بنائے گئے کہ ہماری پہچان ہو سکے۔ ہم سب پر لازم ہے کہ ہم ایک دوسرے کی طرف جائیں اور ایک دوسرے کو سمجھیں۔ سابق سینیٹر اکبر خواجہ نے اس موقع پر پاکستان میں ہم آہنگی کے فروغ اور ملک کی کامیابی کے لیے دعا کی۔