اسلام آباد(نمائندہخصوصی/اے پی پی) اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منایا گیا۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے تقریب سے خطاب کیا اور 117 فوجی، پولیس اور سویلین امن فوجیوں کو بعد از مرگ “ڈیگ ہمارسک جولڈ” میڈل عطا کیا جنہوں نے گزشتہ سال اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اعزاز پانے والے امن فوجیوں میں سے چھ پاکستانی ہیں۔ جن میں طاہر اکرام، عادل جان اور محمد نعیم نے دارفور میں اقوام متحدہ کے مشن میں خدمات انجام دیں۔طاہر محمود نےجمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے استحکام کے مشن کے ساتھ تعینات رہے، محمد شفیق نے وسطی افریقی جمہوریہ میں اقوام متحدہ کے کثیر جہتی مربوط استحکام مشن میں خدمات انجام دیں جبکہ ابرار سید نے سویلین حیثیت میں خدمات انجام دیں۔اقوام متحدہ میں سب سے زیادہ فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے، اقوام متحدہ دنیا کے کئی تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے اہم کردار کی قدر کرتا ہے۔ پاکستان کو چھ دہائیوں پر محیط اقوام متحدہ کے امن مشن میں اپنی دیرینہ اور مسلسل شراکت پر فخر ہے۔ 1960 کے بعد سے پاکستان کے 2 لاکھ سے زیادہ مرد اور خواتین نے دنیا کے تقریباً تمام براعظموں میں اقوام متحدہ کے 46 مشنوں میں عزت اور بہادری کے ساتھ خدمات انجام دیں۔
ترجمان کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ذریعے پاکستان کے امن فوجیوں نے ہمیشہ ہر مشن میں اپنے آپ کو ممتاز کیا ہے جس میں انہوں نے حصہ لیا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام ان تمام امن فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن میں وہ بہادر پاکستانی بھی شامل ہیں جنہوں نے آخری قربانیاں دیں۔