کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کے چیئرٹی اور سیاسی اکائونٹس فوری طور پر منجمد کئے جائیں اور اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ ہر جرم میں عمران خان خود ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 18 اپریل 2008 کو برطانوی بینک کو اپنی سابقہ اہلیہ جمائما خان کے اکائونٹ میں ایک لاکھ پائونڈ چندے کی رقم سے پیسے منتقل کرنے کے لیے خط لکھا۔ یہ پاکستانی فراڈیہ نہیں بلکہ بین الاقوامی فراڈیہ ہے۔ ان کے خلاف برطانوی اتھارٹیز نے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ آرکائیوز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں منظور شدہ پالیسی کے تحت خریدی تھیں ۔ یہ گاڑیاں اب بھی ان کے پاس اور ان کے زیر استعمال ہیں ۔ جبکہ عمران خان
نے قیمتی گھڑیاں مارکیٹ میں بیچیں اور ان کاکچھ حصہ قومی خزانے میں جمع کروایا۔ انہوں نے کہا کہ جب صدر آصف علی زرداری پر توشہ خانہ کا کیس بن سکتا ہے تو عمران خان پر کیوں نہیں بن سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مصنوعی طور پر اہل کیا جا رہا ہے وہ پہلے دن سے نا اہل تھے۔ عمران خان نے بہت ساری چیزیں چھپائی ہیں، اس نے جھوٹ پر جھوٹ بول کر عوام سے دھوکا کیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کل عمران خان کی باڈی لینگویج تبدیل تھی وہ ڈرا ہوا تھا ۔ان کے گلے پھانسی کاپھندہ پڑنے والا ہے۔ عمران خان نے
نئی روایت ڈالی ہے صرف اپنے آپ سے بات کررہا ہوتا ہے۔ کمیرے کے سامنے بیٹھ جاتے ہیں ۔ پسند کےصحافیوں کے ساتھ بات کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کسی کوجواب دینے کے قابل نہیں رہے۔ یہ لوگ ملک کےخلاف اوراداروں کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔عمران خان سازش کررہے ہیں ۔ان کے پیچھے کچھ دشمن ممالک کی سپورٹ ہے ۔ یہ سوچی سمجھی سازش ہے ، جس میں عمران خان ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو عمران خان کی اصلیت کے بارے میں جاننا ہے تو حکیم سعید کی کتاب اور ڈاکٹر اسرار احمد کی یوٹیوب پر موجود ویڈیو دیکھ لے ۔ انہوں نے عمران خان کو یہودی لابی اور اسرائیل کا ایجنٹ قرار دیا ہے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ شہباز گل کا بیان پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں تو انہیں شو کاز کیوں نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے اداروں کے خلاف گھٹیازبان استعمال کی، عمران خان نے انکے بیان کی مذمت کیوں نہیں کی ؟ اداروں اور سربراہوں کے خلاف مہم برداشت نہیں کی جائے گی، عمران خان کو شہباز گل کی رکنیت معطل کردینی چاہیے تھی، عمران خان پہلےدن سے نااہل تھا اور اب عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں بھی نا اہل ہوگا، عمران خان اداروں کو دبائو میں لاکر بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا عمران خان سے اداروں کا نیوٹرل ہونا برداشت نہیں ہورہا .انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے ادارے صرف اس کیلئے کام کریں اور یہ جوحرکت انہوں نے کی ہے کوئی جماعت اس کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ عمران خان فارن فنڈنگ کیس سے بچنا چاہتے ہیں، یہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے ، جس میں عمران خان کو کم سے کم 7 سال سزا ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے بھتے کی پرچیاں پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھیجی جارہی ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان کو خیبرپختونخوا میں سازش کے تحت فعال کیا جا رہاہے،
شرجیل انعام میمن کے پی کے میں گذشتہ دس سال سے زائد عرصہ سے ان کی حکومت ہے ۔ جو انہوں نے وہاں گل کھلائے ہیں سب کو پتہ ہے ۔ بنوں جیل ٹوٹا ۔ کوئی تحقیقات نہیں ہوئی ، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ آرمی پبلک اسکول کا افسوسناک واقعہ ہوا ۔ اگر طالبان پرچیاں دے رہے ہیں تو عمران خان کی حکومت وہاں کیا کر رہی ہے ۔ کیا بھتے سے متعلق بات پرعمران خان نے طالبان پر الزام لگایا ہے جبکہ ترجمان، خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھتہ کے واقعات کم ہیں، کون غلط بیانی کر رہا ہے ۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو عمران خان نے وزیر اعلی ٰبنایاانہوں نے بھی کہا شہبازگل کوایسا بیان نہیں دینا چاہیے، سیاستدان عوامی نمائندہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان منافق ترین شخص ہے اس لیے ملک میں منافقت پھیلارہا ہے۔