اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعظم 14 اگست کو ری ریکارڈڈ قومی ترانے کا قومی پرچم کشائی کی تقریب میں افتتاح کریں گے،پاکستان کی 75ویں سالگرہ پر ہم اپنے قومی ہیروز، ثقافت اور ورثہ کو اجاگر کریں گے،ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر یہ تمام اسٹوریز بچوں اور نوجوانوں کے لئے پیش کی جا رہی ہیں جن میں قیام پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کا ذکر ہے۔وفاقی وزیر اطلاعاتپاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈیجیٹل فوٹو گرافی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام پاکستان کی پچہتر ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر تمام پاکستانی پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا شیڈول بنایا گیا ہے، قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ کی گئی ہے جس کا پرومو جاری کر دیا جائےگا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ 1954ءمیں قومی ترانہ پہلی مرتبہ ریکارڈ ہوا تھا، اس کے بعد اس میں جدت لائی جاتی رہی، پاکستان کے طول و ارض سے آرٹسٹوں نے مل کر یہ قوی ترانہ گایا ہے، قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ کا کام 2017ءمیں شروع ہوا، گزشتہ چار ماہ سے اس پر ہم کام کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک ایسا منصوبہ ہے
جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم 14 اگست کو ری ریکارڈڈ قومی ترانے کا قومی پرچم کشائی کی تقریب میں افتتاح کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، کافی ٹیبل بک میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کوئی بھی شخص کافی ٹیبل بک کو اپنے موبائل پر ڈاﺅن لوڈ کر کے دیکھ سکتا ہے،کافی ٹیبل بک کو کیو آر کوڈ سے لنک کیا گیا ہے، موبائل کے ذریعے کیو آر کوڈ سکین کر کے کافی ٹیبل بک کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ پر ہم اپنے قومی ہیروز، ثقافت اور ورثہ کو اجاگر کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ عوام ان دنوں پاکستان ٹیلی ویڑن ضرور دیکھیں، قومی چینل پر پاکستان کہانی کے نام سے مختلف سیریز پیش کی جا رہی ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر یہ تمام اسٹوریز بچوں اور نوجوانوں کے لئے پیش کی جا رہی ہیں جن میں قیام پاکستان کے لئے دی گئی قربانیوں کا ذکر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے روزانہ کی سرگرمیوں کو پی ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 75 سالہ تقریبات میں پاکستان کے اندر ٹیکنالوجی، ماس ٹرانزٹ، کنیکٹیویٹی، پاکستان ایک ایٹمی قوت کے حوالے سے تمام چیزوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے، اس مرتبہ 75 سالہ تقریبات میں قومی ثقافت اور ورثہ کو پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی مہم جاری ہے، ملکی ترقی کے لئے ہم ہر روز ان سرگرمیوں کو اجاگر کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ڈیجیٹل تصویری نمائش کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ نمائش کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی جانب سے کیا گیا،وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈیجیٹل تصویری نمائش کا جائزہ لیا،وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈیجیٹل کافی ٹیبل کا بھی افتتاح کیا،اس موقع پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔