اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ کابینہ پاکستان میں باہر نکلنے کے قابل نہیں ،ہم پر دباو، زور اور جبر سے کہا جاتا ہے انکی حکومت کو تسلیم کرو،پاکستان میں وہی حکومت تسلیم کی جائے گی جو عوام بنائے گی۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم پر دباو، زور اور جبر سے کہا جاتا ہے کہ انکی حکومت کو تسلیم کرو،پاکستان کے عوام نے یہ حکومت نہیں بنائی،پاکستان میں وہی حکومت تسلیم کی جائےگی جو عوام بنائے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان اس ملک میں آتے لوٹتے اور واپس چلے جاتے ہیں،یہ پاکستان میں تو صرف بادشاہت کرنے آتے ہیں ان کا آبائی گھر تو لندن ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ لوگ عالمی پپٹ ہیں اور انٹرنیشنل ایجنڈے پر ہیں جو ملک کی معیشت تباہ کرنے کیلئے بٹھائے گئے ہیں، ان کی وجہ سے پا کستان مزیدمشکلات میں جائیگا،اس وقت انکا ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں کو دبایا جائے،یہ سمجھ رہے ہیں کچھ میڈیا گروپس مینج کر لیے اب عوام کو بھی کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی حالات پہلے ہی خراب تھے اب مزید خراب کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل 90 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے، اس وقت تو تیل کی قیمت میں 50 روپے کم ہونا چاہئیں۔ انہوںنے کہاکہ آج ہماری ایکسپورٹ27 فیصد گرگئی ہے،بجلی قیمتیں اتنی بڑھادیں کہ لوگوں کےبس سے باہر ہوگئی ہیں، دنیا بھر میں پام آئل کی قیمتیں کم ہوئیں تاہم پاکستان میں بڑھا دی گئیں،وہ سفید پوش لوگ جن کی ماہانہ آمدن 25 ہزار سے لیکر 2 لاکھ تک ہے انکی کمر ٹوٹ گئی ہے تاہم وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو اس سے غرض نہیں وہ کہتے ہیں کہ میرا مہنگائی اور قیمتوں سے لینا دینا نہیں بینک کرپٹ سے بچا رہا ہوں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور فوج ایک دوسرے سے الگ نہیں، جس طریقے سے تقسیم کی کوشش کی گئی یہ افسوسناک ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ لوگ عمران خان کے کہنے پر مہم چلا رہے ہیں۔ عمران خان نے جو کچھ بھی کیا وہ عوام کیلئے کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اب حقیقی آزادی کا آخری مرحلہ شروع ہوگیا ہے پرسوں لاہور میں پی ٹی آئی عظیم والشان اجتماع کرنے جا رہی ہے،لاہور کے دل تحریک انصاف کیساتھ دھڑکتے ہیں، لاہوری ثابت کریں گے کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم اورنگزیب کو جب سے وزیر بنایا گیا وزارت اطلاعات کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے،(ن )لیگ کی وزیر اطلاعات ہر وقت کینڈی کرش کھیلتی رہتی ہیں، سرکاری ٹی وی ریٹنگ میں اوپر جا رہا تھا انہوں نے اسکا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے۔