کراچی ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے سمندری امور سینیٹر سید فیصل علی سبزواری نے وزارت بحری امور کے دو محکموںکراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)اور پورٹ قاسم اتھارٹی(پی کیو اے)کراچی کے ہیڈ آفسز میں دفتر برائے وزیر کو بند کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر برائے سمندری امور نے کہاکہ انہوں نے کے پی ٹی اورپی کیو اے میں وزیر کے دفاتر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان دفاتر کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ یہ حکومت کے پیسے اور وسائل کا سراسر ضیاع ہے۔وزارت سمندری امور پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں واقع ہے ۔
فی الحال، سمندری امور کے وزیر کے چار دفاتر ہیں۔ ایک اسلام آباد میں اور تین کراچی میں ہیں جن میں سے ہر ایک کراچی پورٹ ٹرسٹ(کے پی ٹی)، پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے)اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی)میں ہے ۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے اور حکومتی اخراجات کو بچانے کے لیے یہ فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے کفایت شعاری کے کچھ اقدامات کرنے کی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے۔اس لیے شہر کراچی سے دو دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سمندری امور کے وزیر نے کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ایک شہر میں ایک سے زیادہ دفاتر رکھنا بیکار ہے۔ فی الحال، کراچی میں وزیر کے لیے تین دفاتر ہیں۔ میں نے پی این ایس سی کی عمارت میں دفتر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو کراچی میں کام سنبھالنے کے لیے کافی ہے۔