اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے دوران تفتیش پولیس کے سامنے پاک فوج سے متعلق بیان دینے کا اعتراف کرلیا۔ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران شہبازگل نے فوج سے متعلق بیان دینے کا اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں، میں نے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر یہ بیان نہیں دیا، بیان سوچ سمجھ کر دیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ منگل کو پولیس نے شہباز گل کو بغاوت کے مقدمے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں شہباز گل کے خلاف سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں بغاوت کا مقدمہ درج ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہبازگل نے ٹی وی چینل پر الفاظ ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کہے، شہباز گل کے بیان اور تقریر کا مقصد فوج میں بغاوت پھیلانا اور سازش کرنا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بیان اور تقریر کا مقصد عوام میں فوج کےخلاف نفرت پھیلانا اورسازش کرنا تھا، شہباز گل نے کوشش کی فوج کے مختلف گروہ بن جائیں، ان کا مقصد فوجی جوانوں کو اپنے افسران کا حکم نہ ماننے کی ترغیب دینا تھا، شہباز گل نے ملک میں انتشار پھیلانے اور فوج کو کمزور اور تقسیم کرنے کیلئے بیان دیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہباز گل نے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے بیان دیا اور ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل کرتے ہوئے مجرمانہ سازش کا مرتکب ہوا۔