راولپنڈی (نمائندہ خصوصی )شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر حملے کے نتیجے میں چار فوجی شہید ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ ہوا ہے، خود کش حملے میں چار فوجی شہید ہوگئے،
شہداءمیں مانسہرہ کے 22 سالہ لانس نائیک شاہ زیب، غذر کے 26 سالہ لانس نائیک سجاد، کوہاٹ کے 25 سالہ سپاہی عمیر اور نارروال کے 30 سالہ سپاہی خرم شامل ہیں، حساس اداروں نے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی جوانوں کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کریں