اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) عراقی بحریہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ الزید نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے عراقی بحریہ کے کمانڈر کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں معزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔
عراقی بحریہ کے کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں بحری سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ بحری سیکیورٹی کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں عراقی بحریہ کے سر براہ کو پاک بحریہ کے کردار اور آپریشنل صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
عراقی بحریہ کے سربراہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کومزید فروغ ملے گا۔