اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہل بیت اطہار اور رفقائے کار کے ساتھ میدان کربلا میں دین کی حفاظت و حرمت کے لئے پیش کی اور اگر نواسہ رسول کی جدوجہد کے ان پہلوو¿ں کو ملحوظ خاطر رکھ کر اپنے راستے کا تعین کیا جائے تو معاشرے کو درپیش مسائل پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا سانحہ کربلا کی عظیم قربانیاں ہمیں یہ سبق بھی سکھاتی ہیں کہ انسان حق اور سچ بات کہنے کا اپنے اندر حوصلہ پیدا کرے۔واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی، صبر و استقامت کا وہ درس دیتا ہے جس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا سکتا۔یہی وہ عمل ہے جسے نواسہ رسول نے اختیار کیا اورہمیں حق کی سربلندی کے لئے ڈٹ جانے کا پیغام دیا۔آج کا دِن نواسہ رسول کے عظیم افکار و اعمال اور ثابت قدمی کا دن ہے۔شہید کربلا حضرت امام حسینؓ،ان کے خانوادے اور رفقائے کار نے میدان کربلا میں شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کو تاقیامت انمٹ بنا دیا ہے۔ یہ عظیم شہادت ہر سال مسلمانان اسلام کو یہ درس دیتی ہے کہ فسق وفجور کی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا شہادت امام حسینؓ حقیقت میں دین اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی فتح کی روشن مثال ہے۔