کراچی( کامرس رپورٹر ) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) اور جرمنی کے ادارے GIZ کے عالمی پروجیکٹ بلڈ فار اسکلز(Build4Skills) کے تحت آباد ہاؤس میں انٹرن شپ مکمل کرنے والے 37 نئے ڈپلومہ انجینئرز میں اسنادتقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی جرمنی کے قونصل جنرل ہولگر زیگر(Holger Ziegeler) تھے جبکہ آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن،وائس چیئرمین الطاف ستار کانٹا والا،سدرن ریجن کے چیئرمین سفیان آڈھیا ،آباد کے سابق چیئرمین فیاض الیاس،سدرن ریجن کے سابق چیئرمین دانش بن رؤف،ڈائریکٹر آپریشن سندھ ٹیوٹا(TEVTA)لیاقت جامھرو،ٹی ای وی ٹی ایکریڈیشن اینڈ کوالٹی ایولوشن کمیٹی کے ممبر شاہد محمود خان،ملتان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبر اور بلڈ فار اسکلز کے پروجیکٹ منیجر شرجیل فاروق ملک سیمت سفارتی افسران اور آباد ممبران کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ مہمان خصوصی ہولگر زیگلر نے تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کومبارکباد اور ان کی کامیابی پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیبر مارکیٹ میں شمولیت اور پیداوار بڑھانے کے لیے پاکستان کے نوجوانوں کی مہارتوں کی صلاحیتوں کوبڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں کی اپنے اپنے فیلڈ میں کامیابی کی شرح ڈبل ہوجائے گی۔اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن نے کہاکہ گزشتہ 50 برسوں سے آباد کاتعمیراتی شعبے کی ترقی میں اہم کردار رہا ہے۔آباد نے ہاؤسنگ پالیسی بنانے سمیت سستے گھروں کی فراہمی میں حکومت پاکستان کی ہمیشہ مدد کی ہے۔جز(GIZ) کے عالمی پروجیکٹ بلڈ فاراسکلز(Build4Skills) کے ساتھ نوجوانوں کی آباد ممبران کے پروجیکٹ سائٹس پر تربیت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انھوں نے جز کے ساتھ معاہدے اور نوجوانوں کی تربیت کو عملی جامہ پہنانے میں آباد سدرن ریجن کے چیئرمین سفیان آڈھیا اور سدرن ریجن کے سابق چیئرمین دانش بن رؤف کو خراض تحسین پیش کیا۔اس موقع پر فیاض الیاس،سفیان آڈھیا اور دانش بن رؤف نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ آباد ممبران کے پروجیکٹ سائٹس پر6 ہفتوں کی تربیت مکمل کرنے والے 37 امیدواروں کو پاکستان کے ٹی وی ای ٹی کے سب سے بڑے قومی ادارے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی جانب سے سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔