اسلام آبانمائندہ خصوصی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ نواسہ رسول نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا، حضرت امام حسین ؓکی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، ظلم و جبر پر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے،امت مسلمہ کو حق و صداقت اور دین کی بقا اور فروغ کیلئے ڈٹ جانا چاہیے، انفرادی اور اجتماعی سطح پر حق کی سربلندی اور نصرت کے لیے صبر، استقامت اور جرات کے ساتھ جد وجہد کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔یوم عاشورہ10 محرم الحرام 1444ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ اسلامی تاریخ میں محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے،اس مہینے میں جہاں اسلامی تاریخ کے اہم ترین واقعات رونما ہوئے وہیں یوم عاشورہ یعنی 10 محرم الحرام کا دن بھی امت مسلمہ کے نزد یک خصوصی اہمیت و فضیلت کا حامل ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن حضرت امام حسین نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سر بلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش فرمایا۔ نواسہ رسول نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن حضرت امام حسین، اہل بیت اور ان کے وفا شعار ساتھیوں نے شجاعت، بہادری اور قربانی کی عظیم الشان مثال قائم کی اور اپنے خون سے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی۔ اس اندوہناک واقعہ اور اہل بیت پر بے انتہا ظلم پر ہر مسلمان کی آنکھ اشک بار ہے۔انہوں نے کہاکہ خانوادہ حضرت امام حسین ؓکی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور اس میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ظلم و جبر پر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کو حق و صداقت اور دین کی بقا اور فروغ کیلئے ڈٹ جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ خلق خدا کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے والی اور احکامات الہی کی نافرمانی کرنے والی قوتوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر حق کی سربلندی اور نصرت کے لیے صبر، استقامت اور جرات کے ساتھ جد وجہد کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ جب ہم اللہ کے دین، سنت نبوی اور اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہوں گے تو یقینا اللہ تعالی کی مدد و نصرت بھی ہمیں حاصل ہو گی اور ہم دنیا اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔انہوںنے کہاکہ آئیں ،ہم آج کے دن عہد کر میں کہ ہم اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہونے کی بھر پور کوشش کر یں گے اور جذبہ ایثار و قربانی سے سرشار ہو کر اپنے ہم وطنوں، بالخصوص جنہیں سیلابی صور تحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، کی خدمت کر یں گے۔ انہوں نے کہاکہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمارے ملک کو ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بناے اور ہمیں تمام بلاوں سے محفوظ رکھے۔ آمین!