کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور عزاداران امام حسین کی سیکورٹی کے لئے سندھ حکومت اور سندھ پولیس کی جانب سے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ سندھ پولیس کی جانب سے کراچی کے ہیڈ آفس میں مانیٹرنگ سیل کے علاوہ جلوس میں شامل امن و امان کی بحالی کے اداروں کی گاڑیوں سمیت تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ جلوس کی سیکورٹی کے لئے پولیس، رینجرز و دیگر امن و امان کے اداروں کے ہزاروں اہلکار اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے راستوں کے دورے اور بعد ازاں سینٹرل پولیس آفس سی پی او کے دورے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزراء نے پولیس ہیڈ آفس کراچی میں سندھ پولیس کے قائم کردہ مانیٹرنگ سیل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب، آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور دیگر اعلٰی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزراء کو آئی جی سندھ نے بریفنگ دی اور کراچی میں نکلنے والے 9 محرم الحرام کے جلوس کی سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے مختلف مقامات پر لگائے گئے کلوز سرکٹ کیمروں کے علاوہ پولیس اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کی گاڑیوں پر نصب کیمروں کی مختلف زاویوں سے مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے کہا کہ سندھ پولیس کی جانب سے کئے گئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات قابل ستائش ہیں اور جس طرح 8 اور آج 9 محرم الحرام کے جلوس پرامن طریقے سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہیں انشاءاللہ کل 10 محرم الحرام کے جلوس کے لئے بھی اسی طرح کی سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جلوس کے مختلف راستوں کا بھی وزٹ کیا ہے اور وہاں پر سیکورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ جلوس ہے شرکاء کو کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ پولیس اور امن و امان کی بحالی کے ادارے جلوس کے شرکاء اور عوام کی حفاظت کے لیے تعینات کئے گئے ہیں اس لئے عوام بھی ان سے بھرپور تعاون کریں۔ قبل ازیں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے نشتر پارک، نمائش چورنگی، ریمبو سینٹر، صدر ایمپریس مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ سمیت جلوس کے راستوں کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔