واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے نیو میکسیکو کے شہر البیکرکی میں چار مسلمانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کیساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے ان واقعات پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ ان واقعات کی مکمل تفتیش کا انتظار ہے تاہم امریکی انتظامیہ مسلم برادری کیساتھ کھڑی ہے۔
دوسری جانب امریکی ریاست نیو میکسیکو میں مسلمان نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدستور جاری، ایک اور مسلمان نوجوان کو ہدف بنا کر قتل کردیا گیا، مسلم برادری میں خوف کی لہر دوڑ گئی، اس سے قبل بھی تین مسلمان شہریوں کے قتل کو پولیس نے ٹارگٹ کلنگ قرار دیا تھا جس کے بعد نیومیکسیکو میں گزشتہ چند روز میں ہدف بناکرقتل کئے جانے والے مسلمان شہریوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ سلسلہ وار قاتل کو ڈھونڈنے کی کوشش کی جا رہی ہے،
واقعات سے سلسلہ وار قتل کا شک پختہ ہو رہا ہے کیوں کہ تین قتل پانچ میل کے دائرے میں ہوئے ہیں ۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست نیو میکسیکو کے شہر البیکرکی میں ایک اور مسلم نوجوان نعیم حسین کو پارکنگ ایریا میں گولیاں مار کر قتل کردیا۔ نعیم حسین کی شناخت سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ نعیم حسین پاکستانی نژاد 27 سالہ محمد افضال حسین اور 41 سالہ آفتاب حسین کی تدفن سے واپس آئے تھے۔ ان دونوں کو گزشتہ ماہ ایک ہفتے کے فرق سے قتل کیا گیا تھا