اسلام آباد (بیورورپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کےلئے ہم نے قربانیاں دی ہیں، ہمارے پاس صلاحیت موجود ہے، صرف محنت کا راستہ اپنانا ہے اور روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی نایاب مشترکہ تصویر کو شیئر کرتے ہوئے اسے وطن عزیز کی 75 ویں سالگرہ کا تحفہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک دلفریب منظر ہے ، پاکستان کی تاریخ کو دو اہم ترین شخصیات علامہ اقبال اور قائداعظم کی ایک ساتھ واحد تصویر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تصویر میں موجود ایک شخص(علامہ اقبال) نے پاکستان کا خواب دیکھا اور دوسرے (قائداعظم) نے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صلاحیت موجود ہے،ہم نے قربانیاں دی ہیں، صرف محنت کا راستہ اپنانا ہے کیونکہ روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے۔