کراچی(کامرس رپورٹر) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر زبیرطفیل نے کہا ہے کہ آ ئندہ چندروز میں ایف پی سی سی آئی الیکشن 2023 کیلئے نائب صدور کے امیدواروں اورخواتین کی نائب صدرکی نشست کیلئے امیدوار کی نامزدگی کاحتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ زبیرطفیل نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں اسلام آباد کے کوٹے سے عاطف اکرام کو صدارتی امیدوار اور کراچی سے عارف یوسف جیوا کو بطور سینئر نائب صدر امیدوار نامزد کیا گیاہے،
یہ دونوں امیدوار پہلے بھی نائب صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سمجھتے ہوئے انہیں حکومت سے حل کرانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ یو بی جی کے ترجمان گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق زبیرطفیل نے بتایاکہ گزشتہ روز لاہور میںگروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک کی رہائشگاہ پر یو بی جی کورکمیٹی کے اہم رہنماﺅں کا اجلاس ہوا جس میں زوم پر بھی کئی رہنما شریک تھے، اجلاس میں صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدور بشمول خواتین کی تمام نشستوں کیلئے امیدواروں کی نامزدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ابتدائی طور پر جمہوری طریقے اوراتفاق رائے سے صدر کے عہدے کیلئے عاطف اکرام اورسینئر نائب صدر کے عہدے کیلئے عارف جیوا کاانتخاب اتفاق رائے سے ہو گیا ہے۔
زبیرطفیل نے کہاکہ یو بی جی نے فیڈریشن الیکشن کیلئے ایسوسی ایشنز اور چیمبرز میں رابطوں کا مو¿ثر نظام مرتب کرلیا ہے اورایف پی سی سی آئی کی ووٹرز فہرست مکمل ہونے کے بعد رابطوں کا آغاز کرلیاجائےگا۔انہوں نے بتایا کہ یو بی جی کے فیصلوں میں گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور دیگر سینئرلیڈران کی مکمل سپورٹ حاصل ہے اور ہم انکی زیرسرپرستی 2023 کا الیکشن واضح اکثریت سے جیتیں گے۔