کراچی/لاہور/اسلام آباد/ پشاور/ کوئٹہ ( نمائندگان/ ایجنسیاں) نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشورکل دسویں محرم الحرام (منگل ) کے روز مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے،
مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے دس محرم الحرام کواپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں منائی جائے گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، امن و امان کے تناظر میں پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اورموبائل فون سروس جزوی معطل رہے گی ۔ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے ۔
پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کی فول پروگ سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ۔صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم ہیں جبکہ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے گئے ہیں۔اس کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔