لاڑکانہ( نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدرسینیٹر نثاراحمدکھوڑو نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرنا کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے جرم ہے،عمران خان سیاسی جماعتوں کی قیادت سے مقدمات ختم کرنے کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں۔لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان سیاسی قیادت کو پیغامات بھجوا رہے ہیں کہ کیس نہ بنائے جائیں اور انتخابات وقت پر کروائیں، اتنا بڑا فارن فنڈنگ کیس ثابت ہونے کے بعد عمران خان نااہلی سے بچ نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی احتجاج کی کال اداروں پر دباﺅ ڈالنے کے لیے ہے، کسی کی ڈکٹیشن پر نہ چلنے کی باتیں کرنے والے عمران خان اب چیف الیکشن کمشنر کی تقرری اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر کرنے کا دعوی کر کے پھر اسٹیبلشمنٹ کو ملوث کر رہے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کا بنایا ہوا صدر عارف علوی عمران خان کے بیانیے کی نفی کرتا ہے، عارف علوی کا یہ کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے پیچھے کسی کا اشارہ نہیں تھا معنی خیز ہے، عارف علوی نے عمران خان کے سازشی بیانیے کو جھوٹ ثابت کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان تضاد کا مجموعہ ہے،بیرون ممالک سے پی ٹی آئی کو خیراتی چندہ دینے والے اب پی ٹی آئی سے اپنے پیسے واپس کرنے کے مطالبے کر رہے ہیں، بیرون ملک سے کروڑوں ڈالرز عارف علوی، عمران اسماعیل سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماﺅں کے اکانٹس میں آتے رہے اور وہ اکاﺅنٹس چھپائے گئے۔انہوں نے کہاکہ خواجہ ناظم الدین، ایوب کھوڑو، سمیت دیگر بانیان پاکستان نا اہل ہو سکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں؟ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفے دے دیئے مگر محمد میاں سومرو سمیت دیگر پی ٹی آئی کے لوگ چھٹی کی درخواستیں پارلیمنٹ میں اسپیکر کو بھیج رہے ہیں۔
۔