اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق چلیں گے تو ملک آگے بڑھے گا، ہم نے انتشار اور تقسیم کی سازش کو روکنااور ملک کو پرامن اور خوشحال بنانا ہے، سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے عوام کی جان و مال کاتحفظ بخوبی انجام دیاہے، سکیورٹی اداروں کے ہلکاروں نے آئین اور قانون کے تحت عوام کی جان و مال کا تحفظ کے لئے اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ریڈزون کے دورہ کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور وزیردفاع خواجہ محمد آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے سکیورٹی اہلکاروں سے گفتگو کی اور فرائض کی بہترین انجام دہی پر انہیں خراج تحسین پیش کیااور سکیورٹی پرماموراہلکاروں کے جذبے کو سراہا ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجا م دیئے ہیں، یہ قومی فریضہ ہے،ملک ہم سب کاہے،قوم بھی یہی توقع کرتی ہے کہ ذاتی پسند ناپسند سے بالا تر ہو کر آئین اور قانون کے مطابق چلیں گے تو ملک ترقی ، خوشحالی ، یگانگت اور اتفاق کی طرف بڑھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ پر ملک کے مفاد کے لئے آئین اور قانون کا راستہ اپناتے ہوئے سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے اپنے فرائض انجام دیئے۔
یہی قائد اعظم کا خواب تھا۔ ہم سب نے مل کر ایثار، قربانی اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ملک تعمیر کرنا ہے اور نفرت کو ختم کرنا ہے، محبت اور قومی جذبےکو فروغ دینا ہے۔ مشکل ترین حالات میں سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے عوا م کی جان و مال کے تحفظ کا فریضہ بخوبی انجام دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک کر پاکستان کو قائد کا پاکستان بنائیں گے، وزیراعظم نے پاکستان رینجر، اسلام آباد پولیس ، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں،ہماری دعا ہے کہ ملک امن و خوشحالی ، ترقی کی طرف بڑھے،انتشار اور تقسیم کو ہم نے روکنا ہے،
قوم کےاندر تقسیم در تقسیم پیداکرنے کی کوشش کی گئی ہے، اس سازش کو بھی ہمیں روکناہو گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں سے مصافحہ بھی کیا اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے بھی لگائے