لاہور( نمائندہ خصوصی )صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔لاہور کے مختلف علاقوں جوہر ٹاﺅن، لکشمی چوک، گڑھی شاہو ، جیل روڈ اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مون سون ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے، محکمہ موسمیات خلیج بنگال پر بننے والے بارشوں کے نظام کو دیکھ رہا ہے، بارشوں کے نئے سپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، کچھ علاقوں میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو جائے گا۔شیر ی رحمان نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ندی نالوں کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ ان بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔