کراچی( بیورو رپورٹ ) شدید گرمی اور حبس کے بعداتوارکو کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دنبہ گوٹھ ،قائد آباد،سعدی ٹاﺅن، سپر ہائی وے، گلشن حدید میں ہلکی سے درمیانے درجہ کی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی کراچی، بحریہ ٹاﺅن،ڈی ایچ اے سٹی وغیرہ پر بارش برسانے والے بادل موجودہیں،جو آہستہ آہستہ شہرکے مختلف علاقوں میں پھیلے گا،
رات گئے تک وقفے وقفے سے برسے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ سمیت کراچی میں یک کے بعد دیگر دو مون سون سسٹم بارش برسائےں گے، چوتھے اسپیل کا آغاز 6 اگست سے ہوا، جو 9 اگست تک جاری رہ سکتا ہے جبکہ دوسرا سسٹم 11 تا 13 اگست سندھ سمیت کراچی اور بلوچستان کو متاثر کرے گا۔اتوارکی صبح شہر میں شدید حبس تھا، سمندری ہوائیں مکمل طور پر معطل تھی، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور صبح شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
گرمی کی شدت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی تھی، ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔سندھ میں مون سون کا چوتھا اسپیل جاری ہے، کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش کی وجہ سے ٹھٹھہ، میرپورخاص، بدین، عمرکوٹ، ٹنڈو الہ یار اور چمبڑ سمیت مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور قائد آباد میں ریکارڈ کی گئی۔