اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان بحریہ میں نئے کمشن ہونے والے جہاز پی این ایس تیمور نے چین سے پاکستان واپسی کے دوران ملائیشیا کی بندرگاہ لاموٹ کا دورہ کیا۔بندرگاہ آمد پر کوالالمپور میں پاکستان کے دفاعی اتاشی کموڈور ناصر محمود اور رائل ملائیشین نیوی کے اعلی حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے ملٹری بینڈ نے استقبالیہ دُھنیں بجائی۔
پی این ایس تیمور کا دورہ ہاربر اور سمندری دو مراحل پر مشتمل تھا۔ ہاربر مرحلے میں عسکری قیادت کی پیشہ وارانہ امور اور دوطرفہ معاملات پر بات چیت ہوئی۔جبکہ سمندری مرحلے میں دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشن کی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے بحری مشق MALPAK-IV کا انعقاد کیا گیا۔بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس تیمور کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن یاسر طاہر نے رائل ملائیشین نیوی کے ڈپٹی ویسٹرن فلیٹ کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسر آف کے ڈی سلطان ادریس اول سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے ملائیشیا کے عوام اور بلخصوص ملائیشین بحریہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رائل ملائیشین نیوی کے افسران اور کوالالمپور میں موجود مختلف سفارتی حکام نے پی این ایس تیمور کا دورہ کیا۔معزز مہمانوں کو بحر ہند میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پاک بحریہ کے افسران نے ملائیشین نیوی کی مختلف ٹریننگ تنصیبات اور جہاز KD JEBAT کا دورہ بھی کیا۔پاک بحریہ کے جہاز کے ملائیشیا کے دورے اور بحری مشق میں شرکت سے دونوں دوست ممالک کے موجودہ قریبی سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔