کراچی ( نمائندہ خصوصی )شہرقائد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اوسان خطا کردئیے، بھاری بھر کم بجلی کا بل دیکھ کر شہریوں نے کے الیکٹرک کو دھائیاں دینے لگے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی بحران بدترین شکل اختیار کرگیا ہے، دن کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کے بعد رات میں بھی شہری علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی کے تعطل کے باعث شہری شدید عذاب میں مبتلا ہوگئے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی لاپتہ ہوگئی ہے، جس کا کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ کب آتی ہے؟ اور کب چلی جاتی ہے؟
، بجلی کے باعث تمام امور ٹھپ ہوچکے ہیں۔شہریوں کا شکوہ ہے کہ جیسے تیسے لوڈشیڈنگ کے باعث دن میں گزارہ کرلیا جاتا ہے مگر رات میں اپنے بچوں کو لیکر کہاں جائیں؟ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث رات کا سکون چھن چکا ہے بچوں کی پڑھائی بھی سخت متاثر ہونے لگی ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ بجلی کی ہوشربہ لوڈشیڈنگ کے باوجود بھاری بھر کم بلز نے اوسان خطا کردئیے ہیں، مہنگائی اپنے عروج پر ہے، ایسی صورت حال میں دس بارہ ہزار پر مشتمل بجلی کا بل بھریں یا اپنے بچوں کا پیٹ پالے۔واضح رہے کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے مارکیٹوں کو رات نو بجے بند کردیا جاتا ہے، اس کے باوجود رات گئے شہری علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پرعوام کا سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔