لاہور(کامرس رپورٹر)گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس ٹیکسٹائل برآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ملکی ایکسپورٹ میں ٹیکسٹائل کی شراکت داری 66 فیصد ہوگئی ہے۔اپٹما کی رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں1.47 بلین ڈالر کے مقابلے میں رواں برس ایکسپورٹ 1.54 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ملکی ایکسپورٹ میں ٹیکسٹائل برآٓمدات کی شراکت بھی 63 فیصد سے بڑھ کر66 فیصد ہوگئی ہے۔فیصل آباد چیمبرآف کامرس کے صدر عاطف منیرشیخ کے مطابق خام مال ایکسپورٹ کرنے کے بجائے ویلیو ایڈڈ سیکٹر کو بڑھایا جائے جس سے برآمدات میں 35 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔
صنعت کاروں کے مطابق حکومت گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے تو ملکی زرمبادلہ میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پچھلے ماہ 15 دن صنعتیں بند رہی تھیں تاہم امید ہے کہ اگلے سال ہماری ایکسپورٹ میں 20 فیصد اضافہ ہوگا۔