ملتان(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے میسرز ٹیگ انوویشن پرائیویٹ لمیٹڈ کو 19 اگست 2022ء تک اپنے تمام والٹ ہولڈرز کو پوری واجب الادا رقوم واپس کرنے کی ہدایت کردی ہے، متذکرہ ادارہ فی الوقت برقی زری ادارے (الیکٹرونک منی انسٹی ٹیوشن) کے لائسنس کے حصول کے لیے آزمائشی مرحلے میں ہے۔
یہ اقدام میسرز ٹیگ کے آزمائشی آپریشنز کے دوران اسٹیٹ بینک کی ضوابطی شرائط کی خلاف ورزیوں اور دیگر خدشات کے پیش نظر کیا گیا۔اسٹیٹ بینک نان بینک اداروں کو الیکٹرونک منی انسٹی ٹیوشن کا لائسنس جاری کرتا ہے، جس کے لیے یہ تین مراحل طے کرنا ہوتے ہیں، یعنی اصولی منظوری، آزمائشی آپریشنز کی منظوری اور کمرشل آپریشنز کی منظوری۔ مزید یہ کہ آزمائشی آپریشنز کا مقصد اُس ادارے کی کمرشل آپریشنز کے حوالے سے تیاریوں کو جانچنا ہوتا ہے اور اس کی کامیاب تکمیل کے بعد ہی متعلقہ الیکٹرونک منی انسٹی ٹیوشن کو کمرشل آپریشنز شروع کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔