واشنگٹن (نمائندہ خصوصی )امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکی جامعات میں مختلف شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلباءپاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنیں گے۔
پاکستانی سفیر 65 پاکستانی طلبا کے وفد سے خطاب کررہے تھے جو مختلف تعلیمی پروگراموں پر امریکہ میں موجود ہیں اور پاکستانی سفارت خانےآئے تھے۔
پاکستان سے پچاس طلبا امریکہ کی جانب سے دیے گئے فل سکالرشپ گلوبل انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت امریکہ میں موجود ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ان طلبا کو24 ریاستوں میں 39 مختلف تعلیمی اداروں میں ایک سمسٹر کی تعلیم مکمل کرنے کا موقع میسر آیا ہے۔
اس کے علاوہ پندرہ پاکستانی طلبا نے ایس یو ایس آئی (سٹڈی آف یو ایس انسٹی ٹیوشنز پروگرام) کے تحت امریکہ میں چھ ہفتے کا قیام مکمل کیا ہے۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی طلبا کو امریکہ میں مدعو کرنے اور اسکل بلڈنگ، لیڈرشپ ڈویلپمنٹ، امریکن اسٹڈیز اور کمیونٹی سروسز میں تربیت فراہم کرنے پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی طلبا کو اس موقع کی فراہمی سے امریکی معاشرے ، نظام حکومت اور تعلیمی اداروں کے بارے میں بہتر سمجھ بوجھ پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
سفیر پاکستان نے اس امر کو سراہا کہ اس پروگرام میں پاکستان کے تمام حصوں بشمول خیبرپپختونخواہ، پنجاب، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے طلباء کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ان میں کچھ طلبا ان علاقوں سے آئے ہیں جن کی نمائندگی کم رہی ہے۔ یہ پروگرام ان طلبا کے لئے سیکھنے کا بڑا اہم موقع ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی طلبا جدید علوم مثلاً زراعت، انجنیئرنگ، انوائرنمنٹ، بائیوٹیکنالوجی،مائیکروبائیولوجی، کمپیوٹر سائنس، قانون، پولیٹیکل سائنس اور انٹرنیشنل ریلیشنز سے منسلک ہیں۔
سفیر پاکستان نے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے تحت امریکہ طلباء بھی پاکستانی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں امریکی استاد اور معلمین پاکستان کا دورہ کرتے ہیں لیکن امریکہ طلبا کی تعداد بہت کم ہے۔ امریکی طلبا کے پاکستانی جامعات جانے سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
ایس یو ایس آئی پروگرام کے تحت امریکہ آنے والے طلبا کو امریکہ میں قیام کے دوران امریکی کلچر، اقدار، تعلیم اور افرادی قوت کے فروغ، معیشت ، کاروبار، خارجہ پالیسی ، مذہبی آزادی اور تکثیریت کو سمجھنے کے مواقع میسر آئے ہیں۔
پاکستان فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام سے سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک ہے۔ جس کے تحت تقریبا 25000 ہزار افراد کا نیٹ ورک قائم ہو چکا ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلیم کے شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے حکومت پاکستان نے یو ایس ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لئے اسلام آباد میں ایک ایکٹر زمین مختص کی ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان نالج کاریڈور پروگرام کا دوبارہ سے اجراء کرے گا جس کے تحت دس سالوں میں دس ہزار طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ بھیجا جائے گا۔
برانچ چیف ساؤتھ اینڈ سنٹرل ایشیا فل برائٹ پروگرام جولیا فنڈلے ، ڈائریکٹر ساؤتھ اینڈ سنٹرل ایشاء پریس اینڈ پبلک ڈپلومیسی مولی سٹیفسین، سینئر پروگرام آفیسر ٹیریسا میسٹرینگیلو، نیتھنیئل لین اور سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر اہلکار بھی تقریب میں موجود تھے۔ انٹرنیشنل ریسرچ اینڈ ایکسچینج بورڈ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
جولیا فنڈلے نے اپنے خطاب میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اور دونوں ملکوں کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کو اجاگر کیا۔
جولیا فنڈلے نے کہا کہ اس سال دونوں ملک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبو ط پارٹنرشپ ہے اور اس طرح کے ایونٹس اس مضبوط پارٹنرشپ کے مظہر ہیں۔ یہ دوطرفہ تعلقات دونوں ملکوں اور ان کی عوام کے لئے بہت اہم ہے۔
مولی سٹیفسین ، ڈائریکٹر ساؤتھ اینڈ سنٹرل ایشیا پریس اینڈ پبلک ڈپلومیسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان پروگراموں کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط نیٹ ورک قائم کرنا ہے۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ آپ میں سے ہر کوئی پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے حوالے سے سفیر ہے۔