کراچی(کرائم رپورٹر )
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پو لیس نے انٹیلی جنس معلو مات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کشمیر روڈ سے دھوکہ دہی اورجعلسازی میں ملوث ملزم اظہر رضا عرف اظہر اقبال کو گر فتار کر لیا۔ملزم کے قبضے سے 1 عدد نان کسٹم پیڈکاریں، مبلغ
-/103500روپے نقد رقم،مختلف بینکوں کے
-/6,594,000روپے مالیت کے 13عدد چیک، 2 عدد آئی فون، ایک عدد نوکیا موبائل، ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل لائسنس اور مختلف وزٹنگ کارڈز برآمد کرلیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم اظہر رضا عرف اظہر اقبال نے اعتراف کیا کہ اس نے ملک محمد سلیم جو کہ کراچی میں پراپرٹی کا کام کرتا ہے سے 57 افراد کوحج کے لیے ویزے لگوا کر دینے کا جھانسہ دے کر مبلغ 1 کروڑ 35 لاکھ روپے وصول کیے تھے اس کے علاوہ ملزم نے عیدالاضحی کے دوران کورنگی روڈ پر واقع مویشی منڈی کے بیوپاری سے 18 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کے مویشی مدرسہ کے لیے خریدنے کے نام پر دھوکہ دہی کرتے ہوئے لے لیئے اور قیمت ادا نہیں کی۔ملزم نے دیگر جعلسازی اور دھوکہ دہی کے واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کے خلاف جعلسازی اور دھوکہ دہی کے الزامات میں مختلف تھانوں میں تحریری درخواست اور ایف آئی آرز بھی درج ہیں۔
گرفتار ملزم کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزیدقانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پرقریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔