اسلام آباد ( کامرس رپورٹر) پاکستان میں عالمی مالیاتی بینک (آئی ایم ایف) کی نمائندہ ایستھرپیرز ریز نے کہا ہے کہ پاکستان نے پیٹرولیم ڈویلمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں اضافہ کر کے مشترکہ جائزہ کی پیشگی شرائط پوری کر دی ہیں۔آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستھرپیرز ریز نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے 31 جولائی کو پی ڈی ایل میں اضافہ کر کے ساتویں اور آٹھویں مشترکہ جائزے کی پیشگی شرائط پوری کر دی ہیں۔
نمائندہ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کو مناسب فنڈنگ کی یقین دہانی ہو جاتی ہے تو اگست کے آخر میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہو گا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا اجلاس پاکستان کے دوست ممالک کی طرف سے 4 ارب ڈالر فنڈنگ کی یقین دہانیوں سے مشروط ہے۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 24اگست کو ہوگا ۔یاد رہے کہ چند روز قبل آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے امریکی حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے پاکستان کو قرض کی فراہمی کے لیے آئی ایم ایف پر دباو ڈالنے کی درخواست کی تھی۔