کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے
سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف انتشار ،دھونس اور غیر جمہوری سیاست سے اجتناب کرے ۔پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مادر وطن کو سنگین معاشی، سیاسی و معاشرتی بحران سے دوچار کرنے کی مذموم سازش ہے۔الیکشن کی تاریخ دینا موجودہ حکومت کا استحقاق ہے ۔اپنے جاری بیان میں خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے چار سال غریب عوام کے لئے کسی ڈراونے خواب سے کم نہیں تھے۔عمران خان کی حکومت کو عوام کی بھرپور حمایت سے آئینی، قانونی و جمہوری طریقے سے گھر بھیجاگیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس عوام کے شعور اور جذبہ حب الوطنی کی توہین ہے۔ان کی پریس کانفرنس ہمیشہ کی طرح جھوٹ اور تضادات کا مجموعہ تھی ۔ان کے دور میں گندم کی پیداوار وافر تھی تو روس سے 30 لاکھ ٹن گندم کیوں خریدنی تھی۔کاشتکاروں کو بروقت اور سستی کھاداور ڈی اے پی ناپید تھیں ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ .اسمبلی تحلیل کرنا وزیراعظم کا آئینی و قانونی استحقاق ہے۔الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ موجودہ مخلوط حکومت کرے گی ۔تحریک انصاف انتشار، دھونس/دھمکی اور غیر جمہوری سیاست سے اجتناب کرے۔. 2014 دھرنے میں پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ، پولیس پر تشدد پی ٹی آئی کا تاریخ ماضی ہے۔عوام کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔