کراچی ٟ( ایجوکیشن رپورٹر ) انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان (ESUP) نے برطانیہ کی قدیم ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک لندن کی کوئین میری یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ جس کے تحت یونیورسٹی کے وائس پرنسپل اور بین الاقوامی امور کے نائب صدرپروفیسر کولن گرانٹ کراچی کے دورے پر ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش اسپیکنگ یونین کے صدر کلیم فاروقی نے بتایا کہ انگلش اسپیکنگ یونین کی جانب سے کوئن میری یونیورسٹی کے ساتھ ایک وسیع پروگرام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر کولن گرانٹ اپنے تین روزہ دورے کے دوران کراچی کے اہم تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گے اور برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر، برٹش کونسل کے سربراہ اور تعلیم سے وابستہ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور انگلش اسپیکنگ یونین و روٹری کلب آف کراچی کے ممبران سے خطاب کریں گے۔ صدر کلیم فاروقی نے بتایا کہ انگلش اسپیکنگ یونین برطانیہ کی سو سال پرانی عالمی تنظیم ہے جو انگریزی زبان کے استعمال کے ذریعے مختلف ممالک اور ثقافتوں کے لوگوں کو اکٹھا کرتی ہے۔ انگلش اسپیکنگ یونین پاکستان کو مقامی طور پر 1961 میں تشکیل دیا گیا تھا، جو مختلف قومیتوں کے لوگوں کے درمیان ثقافتی روابط اور بین الاقوامی دوستی کو فروغ دے رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تنظیم کی رکنیت میں تعلیم، صحافت، کاروبار، صنعت سمیت متنوع شعبوں کا احاطہ کرنے والے نمایاں افراد معروف شخصیات سفرائ ، بیوروکریٹس اور پاکستان کی دفاعی خدمات سرانجام دینے والوں کو نمائندگی دی جاتی ہے۔ وائس پرنسپل کوئن میری یونیورسٹی کولن گرانٹ نے کہا کہ لندن کی کوئین میری یونیورسٹی سماجی انصاف کو بہتر بنانے اور اعلی تعلیم کے ذریعے زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ وابستگی رکھتی ہے۔ یہ برطانیہ کی معروف یونیورسٹیوں کے رسل گروپ میں پاکستان سے پہلے نمبر پر بھرتی کرنے والا بھی ہے، گزشتہ پانچ سالوں میں 2500 سے زائد پاکستانی طلبائ نے کوئین میری میں تعلیم حاصل کی ہے۔ انگلش اسپیکنگ یونین دنیا بھر میں اپنے ملحقہ اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کی کوششوں میں ہے اس لیے برطانیہ سے پروفیسر گرانٹ کو مدعو کیا ہے۔ پاکستان میں کوئن میری کا کام آج خطے کو درپیش چند اہم چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کر رہا ہے جس میں صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے شراکت داری بھی شامل ہے۔ صحت عامہ، تحقیق، زبانیں، فنون اور سائنس کے شعبہ جات ہیں۔