اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے معاشی بحران کے خاتمے کےلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چھ اگست کو آل پارٹیز استحکام معیشت کانفرنس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کانفرنس میں ڈالر کی اڑان کو روکنے اور معاشی استحکام کے لیے دس سالہ میثاق معیشت پیش کیا جائے گا۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شکیل منیر نے چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک، زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، شیخ عامر وحید، شعبان خالد اور احمد وحید کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ا نھوں نے کہا کہ استحکام معیشت کانفرنس کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت میں ایک پیج پر لانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران کی وجہ سے اسٹیٹ بینک نے لیٹر آف کریڈٹ پر پابندیاں عائد کرنا شروع کر دی ہیںاسلئے تمام سیاسی جماعتوںنے ملکر موجودہ بدترین معاشی بحران کو درست نہ کیا تو ملک کا استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام معیشت کانفرنس کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت میں ایک پیج پر لانے کی کوشش کرینگے، ہماری معیشت کو ایک بڑے طوفان کا سامنا ہے جو سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے، ہمارا واحد مقصد پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے،ہماری کانفرنس بالکل غیر سیاسی ہوگی ،موجودہ پولرائزیشن کو فوری کم کرنے کی ضرورت ہے، شکیل منیر نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے ہر کوئی پریشان اورپوری قوم ذہنی دباﺅ میں مبتلا ہے،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمسلسل گررہی ہے،انٹرنیشنل ڈونرز اور دوست ممالک پاکستان کی مدد کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہے ہیں،ہم کسی پولیٹیکل گیم کا حصہ نہیں ہے ،ہم یہاں کسی پارٹی کی مخالفت یا حمایت کیلئے جمع نہیں ہوئے،ہم 6 اگست بروز ہفتہ آل پارٹیز استحکام معیشت کانفرنس کا انعقاد کرنے جارہے ہیں،تمام اہم سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو باضابطہ طورمدعو کرینگے۔اس موقع پر چیمبر کے سابق صدرخالد اقبال ملک نے کہاکہ معیشت کی صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے ،ملک کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے،ہماری پریس کانفرنس بالکل غیر سیاسی ہوگی ،موجودہ پولرائزیشن کو فوری طور پرکم کرنے اورتمام پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو ایک پلیٹ فام پر جمع ہونے کی ضرورت ہے۔سابق صدر اسلام آباد چیمبر زبیر ملک نے کہا کہ ملک کو موجودہ حالات سے نکالنے کیلئے ہم سب کو آگے بڑھنا ہوگا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی یہ کوشش غیر سیاسی ہے ،ہمارا مقصد کاروبار، معیشت اور ملک کے مفاد کو بہتر بنانا ہے،ہم بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہیں سب سے پہلے ہمیں آگے آنا ہوگا،کانفرنس میں جو تجاویز اور سفارشات تیار کرینگے ان کو وفاق اور صوبائی حکومتوں کو بھیجیں گے،سیاسی پارٹیاں دس سال کیلئے میثاق معیشت ہر دستخط کریں جو بھی پارٹی اقتدار میں آئے لیکن معاشی پالیسیوں کا تسلسل چلتا رہنا چاہیے تاکہ ملک کو اس بد ترین معاشی بحران سے نکالا جا سکے۔اگر آج یہ فیصلے نہ کئے گئے تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔